بنگلورو،10؍مارچ (ایس او نیوز) کے پی سی سی ڈی کے شیوکمار نے آج کہا کہ بی جے پی اقتدار پر آنے کے بعد سے مظالم میں اضافہ ہوا ہے، ہمارے لیڈروں کو جھوٹے معاملوں میں پھنسایا جارہا ہے۔ اس طرح انہوں نے بی جے پی پر برہمی کا اظہار کیا۔
کے پی سی سی دفتر میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر امن وامان اور نظم وضبط میں خلل پیدا کرنے کے بیانات دینے کے باوجود ان کے خلاف معاملے درج نہیں کئے جاتے۔لیکن ہمارے لیڈر اور ورکرس اپنے خود کے دفاع میں بھی کچھ کہتے ہیں اورکرتے ہیں تو ان کے خلاف معاملے درج کرلئے جاتے ہیں۔ہمارے ایم ایل اے سنگمیش کے خلاف بھی بھدراوتی میں جھوٹے مقدمے درج کئے گئے ہیں۔سنگمیش نے بی جے پی میں شامل ہونے سے انکار کردیا، اس لئے ان پر مقدمہ عائد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل انہیں بی جے پی میں شامل ہونے دباؤ ڈالا گیا لیکن انہوں نے انکار کردیا، اس لئے ان پر جھوٹے معاملے درج کئے گئے ہیں۔ اسمبلی میں ان کے ساتھ ہوئی ناانصافی اور اپنے زخموں سے اسپیکر کو آگاہ کرنے شرٹ اتار کر احتجاج کرنے پر انہیں اسمبلی سے معطل کیا گیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ اسپیکر بھی اس معاملے میں بی جے پی کی حمایت کررہے ہیں۔شیوکمار نے بتایا کہ 13مارچ کو ہم نے شیموگہ چلو احتجاجی پروگرام کا منصوبہ بنایا ہے۔